آئرلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی

Calender Icon جمعہ 26 جون 2026

آئرلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو 34 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی اور بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی بار بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرلی۔

بیلفاسٹ میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ کپتان لورکن ٹکر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےنصف سنچری اسکور کی، جبکہ گیریتھ ڈیلنی 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سےہرشیت رانا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ابھیشیک شرما نے جارحانہ انداز میں 20 گیندوں پر 49 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

مزید پڑھیں:جوئے روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں 14 ہزار رنز مکمل کرنے والے دوسرے بیٹر بن گئے

آئرلینڈ کے دونوں ڈیبیو فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔میٹ ہولارڈ نے 28 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جئے موندرانے 26 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارتی کپتان شریاس آئیر کی تقریباً تین برس بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی خوشگوار ثابت نہ ہوسکی، وہ صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ سنجو سیمسن بھی صرف 5 رنز بنا سکے۔

آئرلینڈ کے کپتان لورکن ٹکر نے اپنی قیادت کے ابتدائی تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں مسلسل نصف سنچری اسکور کرنے کا منفرد اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

اس کامیابی کے ساتھ آئرلینڈ نے نہ صرف موجودہ ٹی ٹوئنٹی عالمی چیمپئن بھارت کو حیران کردیا بلکہ اپنی کرکٹ تاریخ کی یادگار ترین فتوحات میں ایک اور سنہرا باب بھی رقم کردیا۔