سونے کی چمک ماند، عالمی منڈی میں قیمتیں گر گئیں

Calender Icon پیر 29 جون 2026

عالمی منڈی میں پیر کے روز سونے کی قیمت(Gold Rates) میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات قرار دی جا رہی ہے۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.7 فیصد کمی کے بعد 4,061.35 ڈالر فی اونس تک آ گئی  جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 0.5 فیصد کمی کے ساتھ 4,076.40 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے، رواں سال یہ مسلسل چوتھا مہینہ ہے جب سونے کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق بلند شرح سود کی توقعات کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں، کیونکہ ایسے حالات میں سونا دیگر سرمایہ کاری کے مقابلے میں نسبتاً کم پرکشش ہو جاتا ہے۔

مزیدپڑھیں:امریکا اور ایران کشیدگی کے بعد تیل کی عالمی مارکیٹ میں ہلچل! قیمتیں اچانک بڑھ گئیں

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار اب امریکا کے آئندہ روزگار کے اعداد و شمار پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، کیونکہ ان سے امریکی مرکزی بینک کی آئندہ مانیٹری پالیسی کے بارے میں اہم اشارے مل سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر مستقبل میں مہنگائی میں کمی، امریکی ڈالر کی کمزوری اور عالمی معاشی حالات میں بہتری آتی ہے تو سونے کی قیمت دوبارہ بلند سطح پر جا سکتی ہے۔