وزیراعظم محمد شہباز شریف (Shehbaz Sharif) کی ہدایت اور متعلقہ وزارتوں و حکام کی مؤثر سفارتی و تجارتی کاوشوں کے نتیجے میں ملائیشیا کیلئے پاکستانی چاول کی برآمدات میں مزید 70 ہزار میٹرک ٹن کا اضافہ ہوگیا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق اکتوبر سے دسمبر 2026 کے دوران ملائیشیا کو اضافی 70 ہزار میٹرک ٹن پاکستانی چاول برآمد کیے جائیں گے۔ اضافی برآمدات کا حصول وزیراعظم کی ہدایات پر کی جانے والی مؤثر سفارتی اور تجارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ متعلقہ وزارتوں اور حکام نے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ملائیشیا کے ساتھ پاکستانی چاول کی اضافی برآمدات کا معاملہ مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔
مزیدپڑھیں:اپوزیشن سے رسمی نہیں، نتیجہ خیز مذاکرات ہونے چاہییں،صدر وزیراعظم کا اتفاق
انہوں نے اضافی برآمدات کے حصول پر متعلقہ ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار (Ishaq Dar)، وزیر قومی غذائی تحفظ، وزیر تجارت، سیکرٹری تجارت اور سیکرٹری قومی غذائی تحفظ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 70 ہزار میٹرک ٹن اضافی پاکستانی چاول کی برآمد کسانوں کی خوشحالی اور ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی زرعی اجناس کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مسلسل محنت کے ذریعے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ہدف کی طرف سفر جاری رکھیں گے۔













جمعہ 2 اکتوبر 2026 

