نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ(Islamabad International Airport) پر نجی ایئر لائن کی کراچی سے آنے والی پرواز پی ایف 125 کے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جہاں لینڈنگ کے دو گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود انہیں اپنا سامان نہیں مل سکا۔
متاثرہ مسافروں کے مطابق پرواز رات 9 بج کر 45 منٹ پر اسلام آباد پہنچی تاہم طویل انتظار کے باوجود بیگیج بیلٹ پر سامان نہیں پہنچایا گیا جس کے باعث مسافروں میں شدید بے چینی پھیل گئی۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ انتظار کرنے والوں میں بزرگ شہری، خواتین اور کمسن بچے بھی شامل ہیں مگر انہیں صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے ایئر لائن کا کوئی نمائندہ موقع پر موجود نہیں تھا۔
مزیدپڑھیں:معرکہ حق؛ بھارتی اپوزیشن کا فوج کی ہلاکتیں چھپانے پر راج ناتھ سنگھ سے استعفے کا مطالبہ
متاثرہ مسافروں کے مطابق ایئرپورٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی متعلقہ عملے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں بتایا گیا کہ سامان اتارنے کے لیے لوڈر دستیاب نہیں جس کے باعث بیگیج کی ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے۔
مسافروں نے شکوہ کیا کہ انہیں یہ بھی نہیں بتایا جا رہا کہ سامان کب تک فراہم کیا جائے گا جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
متاثرہ مسافروں نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام سے فوری نوٹس لینے اور نجی ایئر لائن کی جانب سے پیش آنے والی اس غفلت کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔












جمعرات 2 جولائی 2026 