ویمنز ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بنگلادیش کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

Calender Icon جمعرات 16 اکتوبر 2025

وشاکاپٹنم : آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے 17ویں میچ میں آسٹریلوی ویمنز ٹیم نے بنگلادیش کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

وشاکاپٹنم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلادیش کی ٹیم کو پوری طرح دباؤ میں رکھا اور کمزور حریف کو باآسانی 10 وکٹوں سے زیر کر لیا۔ کینگروز نے بنگلادیش کی جانب سے دیے گئے 199 رنز کے ہدف کو 25ویں اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے پورا کر لیا۔ کپتان ایلیسا ہیلی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 113 رنز کی اننگز کھیلی اور مسلسل دوسری سنچری اسکور کی، جبکہ فیبی لیچ فیلڈ نے 84 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

اس سے قبل بنگلادیش کی بیٹنگ لائن آسٹریلوی باؤلرز کے سامنے مشکلات سے دوچار رہی۔ بنگلادیش نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ سبحانہ موستارے 66 اور رابعہ حیدر 44 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے چار باؤلرز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کی اس شاندار جیت نے اسے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔