اسلام آباد ( ملک نجیب ) صدرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے جون کے تجارتی خسارے کے اعداد و شمار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے ، جس پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات ضروری ہیں ،بلند شرح سود، مہنگی توانائی، بھاری ٹیکسز اور غیر مسابقتی ماحول برآمدی مسابقت کونقصان پہنچا رہے ہیں ،حکومت نے معاشی استحکام کیلئے اہم اقدامات کیے ، وقت آگیا ہے کہ صنعتی اور برآمدی شعبے کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے ادارہ شماریات کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جون میں ملکی برآمدات 2 اعشاریہ24ارب ڈالرز رہیں جومئی 2026 کے مقابلے میں 16اعشاریہ7فیصد کم ہیں ، جون 2026میں ملکی برآمدات میں جون 2025کے مقابلے میں 9اعشاریہ6فیصد کمی ہوئی ہے ، جون میں درآمدات 6اعشاریہ77ارب ڈالرز رہیں ، ماہانہ بنیادوں پر درآمدات میں 24 اعشاریہ 1 فیصد ،سالانہ بنیادوں پر 26اعشاریہ3فیصد اضافہ ہوا، جون میں تجارتی خسارہ 4اعشاریہ53ارب امریکی ڈالرز رہا،جس میں گزشتہ ماہ مئی کے مقابلے میں 63اعشاریہ8فیصد اضافہ ہوا، جون2026 کے مہینے میں تجارتی خسارے میں جون 2025کے مقابلے میں 57 اعشاریہ1فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ مالی سال 2026 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں6فیصد کمی ہوئی ہے ، جبکہ درآمدات میں مالی سال 2025کے مقابلے میں 8اعشاریہ1فیصد،تجارتی خسارے میں 22فیصد اضافہ ہوا ہے ، برآمدات میں نمایاں کمی اور درآمدات میں اضافہ صنعتی و پیداواری شعبے کو درپیش چیلنجز کی عکاسی کرتا ہے ، بلند شرح سود، مہنگی توانائی، بھاری ٹیکسز اور غیر مسابقتی ماحول برآمدی مسابقت کونقصان پہنچا رہے ہیں ۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے ، جس پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات ضروری ہیں ، حکومت نے معاشی استحکام کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں ، تاہم وقت آگیا ہے کہ پیداواری لاگت میں کمی ،صنعتی اور برآمدی شعبے کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں، توانائی شعبے ، مالیاتی لاگت اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کے بغیر برآمدات میں پائیدار اضافہ ممکن نہیں، درآمدی متبادل صنعتوں اور ویلیو ایڈڈ برآمدات کو ترجیح ،برآمد کنندگان کے ریفنڈز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، زرعی ویلیو ایڈیشن اور انجینئرنگ سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ تجارتی خسارہ کم کر سکتا ہے، مضبوط برآمدات ہی مستحکم معیشت اور پائیدار ترقی کی ضمانت ہیں،حکومت کاروبار دوست اصلاحات کو تیز کرے، ایف پی سی سی آئی ملکی برآمدات میں اضافے اور اقتصادی ترقی کیلئے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
تجارتی خسارہ خطرناک حد تک بڑھ گیا، ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں، عاطف اکرام شیخ
جمعہ 3 جولائی 2026












