علی کاظمی نے والد راحت کاظمی کی یادگار تصاویر شیئر کر دیں

Calender Icon جمعہ 3 جولائی 2026

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار علی کاظمی(alikazmi) نے والد راحت کاظمی کی 82 ویں سالگرہ پر یادگار تصاویر شیئر کر کے ماضی کی یادیں تازہ کر دیں۔

راحت کاظمی اور ان کا خاندان گزشتہ کئی برسوں سے کینیڈا میں مقیم ہے، اگرچہ وہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھتے ہیں، تاہم ان کے صاحبزادے اور معروف اداکار علی کاظمی وقتاً فوقتاً اپنے والد کے ساتھ یادگار لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔

رواں سال راحت کاظمی اپنی 82 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس موقع پر علی کاظمی نے فیس بک پر والد کے ہمراہ خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارک باد دی ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ سالگرہ مبارک ہو ابا، اس عظیم انسان کو جس نے مجھے زندگی کی ہر اہم بات سکھائی، آپ سے ہمیشہ محبت رہے گی۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے معروف رائٹر شیکسپیئر کے معروف ناول ہملیٹ کی مشہور زمانہ لائنز بھی اپنے والد کے نام کی ہے، جس کا ترجمہ کچھ یوں ہے کہ اے ہوریشیو! آسمان اور زمین میں ایسی بہت سی چیزیں موجود ہیں جن کا احاطہ تمہارا فلسفہ نہیں کر سکتا۔

گزشتہ برس بھی علی کاظمی نے اپنے والد کی 81 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے لیے محبت بھرا پیغام شیئر کیا تھا۔

مزیدپڑھیں:گوری سپراٹ سے شادی، عامر خان اتوار کو تیسری بار دولہا بنیں گے

واضح رہے کہ راحت کاظمی پاکستان کے سینئر ٹیلی وژن اداکار اور پروڈیوسر تھے، جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری اور مقبول ڈراموں کے ذریعے دیرپا شہرت حاصل کی۔

راحت کاظمی اور سائرہ کاظمی کو شہرۂ آفاق ڈرامہ تیسرا کنارہ سے غیر معمولی مقبولیت ملی۔

راحت کاظمی اور سائرہ کاظمی کے ہاں 2 باصلاحیت اور محبت کرنے والے بچوں، علی کاظمی اور ندا کاظمی کی پیدائش ہوئی، علی اور ندا دونوں شادی شدہ ہیں اور اپنے اپنے خاندان کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔