امریکا میں آنتوں کے انفیکشن کے کیسز میں اضافہ، 300 سے زائد افراد متاثر

Calender Icon اتوار 5 جولائی 2026

امریکی ریاست مشی گن میں آنتوں کے انفیکشن کا باعث بننے والے سائیکلوسپورا (Cyclospora) نامی طفیلیے کے پھیلاؤ کے بعد 300 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس پر محکمۂ صحت نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

حکام کے مطابق یہ بیماری سائیکلوسپورا کائیٹانینسس Cyclospora cayetanensis نامی خوردبینی طفیلیے سے ہوتی ہے، جو چھوٹی آنت کو متاثر کرتا ہے، اس کی تشخیص اسٹول کے ٹیسٹ سے کی جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس بیماری کی عام علامات میں پانی جیسے دست، پیٹ میں درد یا مروڑ، متلی، تھکن، بھوک میں کمی، وزن میں کمی، پیٹ پھولنا اور ہلکا بخار شامل ہیں، علامات عموماً انفیکشن کے تقریباً ایک ہفتے بعد ظاہر ہوتی ہیں، تاہم بعض افراد میں یہ دو دن سے دو ہفتوں سے زائد عرصے بعد بھی سامنے آ سکتی ہیں۔

مزیدپڑھیں:لاہور میں اسموگ تدارک مہم؛ ڈرائیورز کا لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ

محکمۂ صحت کے مطابق یہ انفیکشن عموماً انسانی فضلے سے آلودہ خوراک یا پانی کے استعمال سے پھیلتا ہے، امریکا میں اس کے زیادہ تر کیسز تازہ سبزیوں اور پھلوں سے منسلک پائے گئے ہیں، جبکہ ایک شخص سے دوسرے شخص میں اس کے منتقل ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔

صحت حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کو استعمال سے قبل اچھی طرح دھوئیں، کھانے کی تیاری سے پہلے اور بعد میں صابن سے ہاتھ دھوئیں، آلودہ خوراک اور پانی سے پرہیز کریں، جبکہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔