نیٹو سمٹ سے قبل روس کے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر حملے، 24 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

Calender Icon منگل 7 جولائی 2026

روس(Russia) نے یوکرین(Ukraine) کے دارالحکومت کیف پر ایک اور بڑا میزائل اور ڈرون حملہ کرتے ہوئے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

یوکرینی حکام کے مطابق حملہ پیر کے روز کیا گیا اور یہ نیٹو اجلاس سے ایک روز قبل کیا گیا ہے۔ حملوں میں کیف کے پوڈلسکی ضلع کی ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت شدید متاثر ہوئی جہاں دھماکے سے عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق بیلسٹک میزائل حملے کے دوران 10 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ آسمان پر تیز روشنی کی چمک بھی دیکھی گئی۔

حکام کے مطابق کیف میں 16 افراد جبکہ شہر کے نواحی علاقے وِشنِیوے میں مزید 8 افراد ہلاک ہوئے، یوں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 24 ہو گئی جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے حملے کو بہیمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس کی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اس کا مقصد یوکرینی عوام کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا ہے۔

مزیدپڑھیں:فیفا ورلڈ کپ: بیلجیئم نے امریکا کوشکست دے کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنا لی

انہوں نے کہا کہ یوکرین نے متعدد ڈرونز اور کروز میزائل مار گرائے، تاہم بیلسٹک میزائلوں کے خلاف مؤثر دفاعی نظام اب بھی ناکافی ہے۔ زیلنسکی نے نیٹو ممالک سے اپیل کی کہ وہ یوکرین کے فضائی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور جدید دفاعی نظام فراہم کریں۔

زیلنسکی نے امید ظاہر کی کہ نیٹو اجلاس میں یوکرین کے فضائی دفاع سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

دوسری جانب نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے کہا کہ اتحادی ممالک اور شراکت داروں کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ یوکرین کو اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔

یہ ایک ہفتے کے دوران روس کی جانب سے کیا جانے والا دوسرا بڑا بیلسٹک میزائل حملہ ہے جس کے بعد یوکرین نے ایک بار پھر اپنے اتحادیوں سے امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے لیے مزید میزائل فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔