ناروے(Norway) میں ملازمت کے نام پر 75 لاکھ کا فراڈ کرنے والے مرکزی ملزم طیب شہزاد کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ناروے میں ملازمت کا جھانسا دے کر شہری سے لاکھوں روپے ہڑپ کرنے والے فراڈ گینگ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا ملزمان نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معصوم شہری کو بیرونِ ملک سنہری مستقبل کے خواب دکھائے، ملزمان نے مقامی شہری مزمل حسین سے ناروے میں ورک ویزا اور ملازمت دلوانے کے عوض 75 لاکھ روپے کا بھاری معاوضہ وصول کیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ رقم وصول کرنے کے باوجود ملزمان نے شہری کو بیرونِ ملک نہ بھیجا، مسلسل تقاضوں پر انہوں نے 24 لاکھ 90 ہزار روپے تو واپس کر دیے، لیکن باقی رقم 50 لاکھ 10 ہزار روپے ہڑپ کر گئے اور بقایا رقم واپس کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
مزیدپڑھیں:لنڈی کوتل: درخت کاٹنے کے تنازع پر دو گروپوں میں خونریز تصادم، 4 افراد جاں بحق اور 9 زخمی
ایف آئی اے کے مطابق کیس میں نامزد دیگر دو فرار ملزمان فیض رسول اور شہزاد کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ان کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور معصوم شہریوں کی عمر بھر کی جمع پونجی لوٹنے والے عناصر کے ساتھ کوئی نرمی نہیں کی جائے گی۔
شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بیرونِ ملک ملازمت کے لیے صرف پروٹیکٹر اور حکومت سے منظور شدہ ایجنٹس سے ہی رابطہ کریں۔












ہفتہ 11 جولائی 2026 