مشہور اسٹریمنگ سروس ’نیٹ فلکس‘(Netflix) پر ’پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی عدم موجودگی‘ سوشل میڈیا پر ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گئی۔
سوشل میڈیا پر اس موضوع پر بحث چھڑنے کے بعد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر موجود اپنے اکاؤنٹ پر یہ اعلان کیا ہے کہ حکومتِ پاکستان اپنے ملک کے ڈراموں اور فلموں کو نیٹ فلکس پر جگہ دلوانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پاکستانی ڈرامے اور فلمیں کسی سے کم نہیں، دنیا بھر میں ان کی بے پناہ ڈیمانڈ ہے۔
وفاقی وزیر نے لکھا ہے کہ اڑان پاکستان منصوبے کے تحت، تخلیقی اور ثقافتی صنعت ہماری قومی برآمدی حکمتِ عملی کے لیے ایک اہم سنگِ بنیاد ہے۔

مزیدپڑھیں:ٹیلی نار پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (یوفون) میں انضمام کی منظوری
انہوں نے لکھا ہے کہ اگرچہ نیٹ فلکس اور ایمازون پرائم جیسے بڑے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو بین الاقوامی ناظرین تک پہنچانے کا ایک بہترین ذریعہ ہیں، لیکن بدقسمتی سے طویل عرصے سے علاقائی سیاست کے ذریعے ان پلیٹ فارمز کو ہتھیار بنایا گیا اور ان پر پاکستانی کنٹینٹ کو مناسب جگہ دینے سے محروم رکھا گیا۔
احسن اقبال نے لکھا ہے کہ حکومتِ پاکستان اپنے ملک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی وسیع برآمدی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے نیٹ فلکس اور دیگر عالمی اسٹریمنگ کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے تا کہ پاکستانی مواد کو منصفانہ نمائندگی ملے اور پاکستانی کری ایٹرز کے لیے پائیدار شراکت داری کے راستے کھلیں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ حکومت عالمی سطح پر اپنی کہانیوں کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان کا اپنا خود مختار او ٹی ٹی پلیٹ فارم تیار کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے۔












منگل 14 جولائی 2026 


