فیفا سیمی فائنل: شائقین کو میسی اور کین کی ٹکر کا بے صبری سے انتظار، میچ کے ٹکٹ دوگنا مہنگے

Calender Icon بدھ 15 جولائی 2026

فیفا ورلڈ کپ(FifaWorldCup) 2026 کے دوسرے سیمی فائنل کی دیوانگی عروج پر پہنچ گئی، ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے ہائی پروفائل مقابلے کے لیے شائقین کی غیرمعمولی دلچسپی کے باعث ٹکٹوں کی قیمتیں دوگنی ہو گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق سیمی فائنل کا وہ ٹکٹ جو چند روز قبل 1326 ڈالر میں دستیاب تھا، اب ری سیل مارکیٹ میں 2867 ڈالر تک فروخت ہو رہا ہے۔ پاکستانی کرنسی میں اس کی مالیت تقریباً 7 لاکھ 93 ہزار روپے بنتی ہے، جبکہ بہتر نشستوں کے ٹکٹ اس سے بھی زیادہ قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب امریکی شہر اٹلانٹا کے مرسیڈیز بینز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔

میچ میں ایک جانب آٹھ بار کے بیلن ڈی اور فاتح لیونل میسی اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان اور تجربہ کار اسٹرائیکر ہیری کین ٹیم کو فائنل تک پہنچانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ دونوں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے درمیان ممکنہ مقابلہ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ارجنٹائن نے پورے ٹورنامنٹ میں متاثرکن کھیل پیش کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ انگلینڈ نے بھی مسلسل عمدہ کارکردگی کی بدولت آخری چار ٹیموں میں رسائی حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے پاس تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑیوں کا امتزاج موجود ہے، جس کے باعث ماہرین ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔

مزیدپڑھیں:بار بار غیرمسلم خواتین سے شادی کرنے پر عامر خان کے خلاف فتویٰ

فٹبال ماہرین کے مطابق ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کی پرانی رقابت اس میچ کو مزید دلچسپ بنا رہی ہے۔ لیونل میسی اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور عالمی اعزاز کے لیے میدان میں اتریں گے، جبکہ ہیری کین انگلینڈ کو کئی دہائیوں بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ کی تاریخ کئی یادگار مقابلوں سے بھری پڑی ہے، جس کے باعث اس بار بھی دنیا بھر کے فٹبال شائقین اس میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ فاتح ٹیم ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنائے گی، جبکہ شکست کھانے والی ٹیم کا عالمی ٹائٹل جیتنے کا خواب ختم ہو جائے گا۔

میچ کی غیرمعمولی مقبولیت کے پیش نظر اٹلانٹا میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ دنیا بھر سے ہزاروں شائقین اس تاریخی مقابلے کو اسٹیڈیم میں دیکھنے کے لیے پہنچ چکے ہیں۔ فٹبال حلقوں کے مطابق یہ سیمی فائنل نہ صرف ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے بلکہ اس کے فاتح کو ورلڈ کپ ٹائٹل کا مضبوط امیدوار بھی تصور کیا جا رہا ہے۔