امریکا کا برازیل پر بعض درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

Calender Icon جمعہ 17 جولائی 2026

امریکا نے برازیل سے درآمد کی جانے والی بعض اشیا پر 25 فیصد ٹیرف (Tarrif)عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، امریکی حکام کے مطابق یہ اقدام تجارتی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر نے بدھ کو بتایا کہ یہ ٹیرف امریکی تجارتی قانون کے سیکشن 301 کے تحت نافذ کیا جائے گا۔

امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے مطابق یہ فیصلہ ایک سالہ تحقیقات کے بعد کیا گیا، جس میں برازیل کی ڈیجیٹل تجارت، محصولات، دانشورانہ املاک کے تحفظ، ایتھنول تک رسائی اور جنگلات کی کٹائی سے متعلق پالیسیوں کا جائزہ لیا گیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان پالیسیوں سے امریکی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔جیمیسن گریر نے کہا کہ یہ اقدام مبینہ غیر منصفانہ تجارتی طریقوں سے نمٹنے اور امریکی کارکنوں اور کمپنیوں کو برابری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔

مزیدپڑھیں:چینی حکومت چاہتی ہے کہ امریکی صدر الیکشن ہار جائیں، ٹرمپ کا الزام

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران برازیل کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ان معاملات کے حل میں کامیاب نہیں ہو سکے، تاہم امریکہ مزید بات چیت کے لیے تیار ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے برازیلی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، انہوں نے برازیل کے صدر لوئیز ایناسیو لولا ڈا سلوا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاہدے کے بجائے اپنی سیاسی ترجیحات کو فوقیت دی۔

رپورٹس کے مطابق برازیل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی ٹیرف حکمت عملی کے تحت ہدف بننے والا پہلا ملک ہوگا، جس میں امریکی تجارتی قانون کے سیکشن 301 کو استعمال کیا جا رہا ہے، یہ شق مبینہ غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں کی تحقیقات کی اجازت دیتی ہے۔