عامر خان کا دو ٹوک موقف: فلم ’3 ایڈیٹس‘ کا کردار ’رانچھو‘ سونم وانگچک سے متاثر نہیں تھا

Calender Icon جمعہ 17 جولائی 2026

بھارتی سپر اسٹار عامر خان(Aamir khan) نے اداکار اومی ویدیا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ فلم ’3 ایڈیٹس‘ میں ان کا کردار رانچھو (فنسکھ وانگڈو)، ماہر تعلیم اور سماجی کارکن سونم وانگچک کی زندگی سے متاثر نہیں تھا۔

معروف اداکار اور ڈائرکٹر عامر خان نے لندن انڈین فلم فیسٹیول میں فلم ’لگان‘ کی خصوصی نمائش کے دوران گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ’’یہ محض ایک غلط فہمی ہے کہ فلم میں رانچھو کا کردار ان سے متاثر ہو کر بنایا گیا تھا۔‘‘

انہوں نے حقیقت بیان کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ’’جب ہم یہ فلم بنا رہے تھے تو مجھے، راج کمار ہیرانی اور ابھیجات جوشی کو یہ تک معلوم نہیں تھا کہ سونم وانگچک کون ہیں۔ بے شک سونم وانگچک کا کام قابلِ احترام ہے لیکن انہیں عزت دینے کے لیے جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں۔‘‘

عامر خان نے سونم وانگچک کی جاری بھوک ہڑتال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ ان کی صحت کے حوالے سے فکر مند ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ جلد اپنا احتجاج ختم کر دیں گے۔

مزیدپڑھیں:جو روٹ کی ناقابل شکست 99 رنز کی اننگز، انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے دی

واضح رہے کہ سونم وانگچک 28 جون سے دہلی کے جنتر منتر پر تعلیمی نظام میں اصلاحات اور مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں اور ’3 ایڈیٹس‘ میں چتور رام لنگم کا کردار ادا کرنے والے اومی ویدیا نے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ فنسکھ وانگڈو کا کردار سونم وانگچک سے متاثر تھا اور لوگوں سے ان کی حمایت کی اپیل کی تھی۔