محسن نقوی، چینی وفد ملاقات، اسمگلنگ اور بارڈر مینجمنٹ مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

Calender Icon جمعہ 17 جولائی 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل **چی جِنگ یانگ** کی قیادت میں آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے امیگریشن، بارڈر مینجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن، اسلحہ اسمگلنگ، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور سرحد پار جرائم (Border Management)کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے امیگریشن کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے مجوزہ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا بھی فیصلہ کیا۔

اس موقع پر بارڈر سکیورٹی اور مؤثر رابطہ کاری کے لیے **پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپ** قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ زمینی سرحدوں، بندرگاہوں اور امیگریشن مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان غیر قانونی امیگریشن، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کے خلاف **زیرو ٹالرنس پالیسی** پر سختی سے عمل پیرا ہے اور ان جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ **خنجراب پاس** پر سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی نئی چیک پوسٹ بھی قائم کی جا رہی ہے۔

وزیرِ مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین باہمی تعاون کے ذریعے غیر قانونی امیگریشن اور سرحدی جرائم کے سدباب کو مزید مؤثر بنائیں گے۔

چینی وفد کے سربراہ چی جِنگ یانگ نے غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین، پاکستان کا اسٹریٹیجک شراکت دار ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چینی حکومت پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

ملاقات کے دوران چینی وفد نے وفاقی وزیر داخلہ کو چین کے وزیرِ داخلہ کی جانب سے **پبلک سکیورٹی فورم** میں شرکت کا دعوت نامہ بھی دیا، جبکہ ایف آئی اے کے وفد کو بھی فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

چینی سفیر نے بتایا کہ پاکستانی پولیس افسران اسی ماہ تربیت کے لیے چین روانہ ہوں گے، جبکہ چینی اساتذہ پاکستان میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان کی خصوصی تربیت بھی فراہم کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:پاک چین فارما کمپنیز کے درمیان44 کروڑ ڈالرز سرمایہ کاری کے 9 معاہدے

ملاقات میں چینی سفیر، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔