پاکستانیوں کے لیے بڑے عالمی اداروں میں ملازمت : درخواست کیسے دیں؟

Calender Icon پیر 19 اکتوبر 2026

اسلام آباد : اقوام متحدہ (United Nations)کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی، یونیسیف اور دیگر اداروں میں پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے سنہری مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق پاکستانی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنرمند افراد کے لیے اقوام متحدہ اور اس سے وابستہ عالمی اداروں میں ملازمت کے مواقع موجود ہیں۔

جہاں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین بین الاقوامی ترقیاتی منصوبوں میں کام کرنے کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کو بھی عالمی سطح پر آگے بڑھا سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے نظام اور اس کے ذیلی و خصوصی ادارے مختلف اوقات میں انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت عامہ، فنانس، ماحولیاتی انتظام، سماجی علوم اور دیگر شعبوں میں پیشہ ورانہ آسامیوں کا اعلان کرتے ہیں۔

ان ملازمتوں کے ذریعے ماہرین کو عالمی سطح پر پیچیدہ مسائل سے نمٹنے، بین الاقوامی پالیسی سازی کے عمل کو سمجھنے اور مختلف ممالک کے پیشہ ور افراد کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔

اقوام متحدہ کے اداروں میں ملازمت کرنے والے افراد ماحولیاتی تبدیلی، غربت کے خاتمے، انسانی امداد، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ سمیت مختلف عالمی منصوبوں اور پروگراموں میں براہِ راست کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ان اداروں میں کئی عہدوں کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق تنخواہوں اور مراعات کے علاوہ صحت کی سہولت، پنشن اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:اڈیالہ جیل کا حوالاتی دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ گیا

بعض ملازمتوں میں مختلف ممالک اور خطوں میں کام کرنے اور بین الاقوامی سطح پر پیشہ ورانہ تجربہ حاصل کرنے کے مواقع بھی میسر آتے ہیں۔

ملازمت کے خواہش مند پاکستانی افراد اقوام متحدہ کے آفیشل کیریئرز پورٹل کے علاوہ اس سے وابستہ اداروں کے الگ بھرتی پلیٹ فارمز بھی دیکھ سکتے ہیں۔

ان اداروں میں اقوام متحدہ کا ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)، اقوام متحدہ کا ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) اور عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر تنظیمیں شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی تعلیمی قابلیت، فنی مہارت اور پیشہ ورانہ تجربے سے مطابقت رکھنے والی آسامیوں کا انتخاب کریں اور درخواست دیتے وقت اپنی متعلقہ صلاحیتوں اور عملی تجربے کو واضح انداز میں اجاگر کریں۔

امیدواروں کو اپنی پروفائل اور درخواست میں پیشہ ورانہ دیانت داری، ذمہ داری، قابلیت اور مختلف ثقافتوں کا احترام جیسی خصوصیات کو بھی نمایاں کرنا چاہیے کیونکہ یہ عالمی اداروں میں کام کرنے کے بنیادی پیشہ ورانہ اصولوں میں شامل ہیں۔

بیورو کے مطابق اقوام متحدہ اور دیگر کثیر ملکی اداروں میں کام کرنے کا تجربہ پاکستانی ماہرین کو عالمی سطح پر پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے اور بین الاقوامی پالیسی مباحث میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع بھی فراہم کرسکتا ہے۔

طویل مدت میں ایسے افراد کا عالمی تجربہ ملک میں ادارہ جاتی ترقی اور بہتر پالیسی سازی کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ سرکاری معلومات اور آسامیوں کے لیے امیدوار اقوام متحدہ کے کیریئرز پورٹل سے رجوع کرسکتے ہیں۔