سینٹرل سوپیریئر سروسز (CSS) کے امتحان کیلئے رجسٹریشن کرانے والے امیدواروں کی تعداد گزشتہ چار برس کے دوران تقریباً 48؍ فیصد کم ہو گئی، جو 2022 میں 35059؍ سے کم ہو کر 2025ء میں 18139؍ رہ گئی۔ اسی عرصے کے دوران امتحان میں شریک ہونے والے امیدواروں کی تعداد بھی 20262؍ سے کم ہو کر 12792؍ رہ گئی۔
درخواست گزاروں کی تعداد میں نمایاں کمی کے باوجود منتخب امیدواروں کی تعداد بھی محدود رہی، جو 2022ء میں 239؍ سے کم ہو کر 2025ء میں 170؍ رہ گئی۔وفاقی حکومت کی عام بھرتیوں میں بھی امیدواروں کی تعداد نمایاں کم ہوگئی ہے ۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے اعداد و شمار کے مطابق، عمومی بھرتیوں میں بھی وفاقی سرکاری ملازمتوں کیلئے درخواست دینے والے امیدواروں کی تعداد چند برس قبل کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہوئی ہے، تاہم ملازمت کا حصول اب بھی انتہائی محدود ہے۔ 2022
ء سے 2025ء تک فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے بھرتی سے متعلق تجزیاتی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نہ صرف سی ایس ایس امتحان بلکہ عمومی بھرتیوں کیلئے بھی درخواستوں میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ کامیاب امیدواروں کی تعداد بدستور مجموعی درخواست گزاروں کا نہایت معمولی حصہ رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق، 2025
ء میں رجسٹرڈ سی ایس ایس امیدواروں میں سے صرف 0.94؍ فیصد جبکہ امتحان میں شریک ہونے والوں میں سے 1.33؍ فیصد امیدوار ہی آخرکار نامزد کیے گئے۔ اس کے مقابلے میں 2022 میں یہ شرح رجسٹرڈ امیدواروں کے لحاظ سے 0.68؍ فیصد اور امتحان میں شریک امیدواروں کے لحاظ سے 1.81؍ فیصد تھی۔ عمومی بھرتیوں میں بھی یہی رجحان دیکھنے میں آیا۔
مزید پڑھیں:امریکا نے طلبا کیلیے ویزا قوانین مزید سخت کر دیے، توسیع اب وفاقی منظوری سے مشروط
رجسٹریشن کی تعداد 2023ء میں 436757؍ کی بلند ترین سطح تک پہنچی، تاہم 2025ء میں کم ہو کر 196193؍ رہ گئی، جو صرف دو برس میں 55؍ فیصد سے زیادہ کی کمی ہے۔ اسی طرح بھرتی کے امتحانات میں شریک ہونے والے امیدواروں کی تعداد 2023ء میں 199234؍ سے کم ہو کر 2025ء میں 80633؍ رہ گئی۔ درخواست گزاروں کی تعداد کم ہونے کے باوجود بھرتیوں کا عمل انتہائی محدود رہا۔ 2025ء میں 196193؍ رجسٹرڈ امیدواروں میں سے صرف 3005؍ امیدواروں کی سفارش کی گئی، جبکہ 2023ء میں 436000؍ سے زائد رجسٹریشن کے مقابلے میں صرف 1436؍ امیدواروں کی نامزدگی عمل میں آئی تھی۔
اعداد و شمار سے رجسٹریشن اور امتحان میں شرکت کے درمیان مسلسل فرق بھی سامنے آیا۔ 2023ء میں رجسٹرڈ سی ایس ایس امیدواروں میں سے صرف تقریباً 45؍ فیصد امتحان میں شریک ہوئے، تاہم 2025ء میں یہ شرح بڑھ کر تقریباً 71؍ فیصد ہو گئی۔ جنرل ریکروٹمنٹ (عمومی بھرتیوں) میں امتحان میں شرکت کی شرح 2022ء کے تقریباً 32؍ فیصد سے بڑھ کر 2025ء میں 41؍ فیصد تک پہنچ گئی، تاہم اس کے باوجود رجسٹرڈ امیدواروں کی اکثریت امتحانات میں شریک نہیں ہوئی۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ وفاقی سرکاری ملازمتوں کیلئے درخواست دینے والوں کی تعداد کم ہو رہی ہے، تاہم مقابلہ اب بھی انتہائی سخت ہے کیونکہ آسامیوں کے مقابلے میں امیدواروں کی تعداد کئی گنا زیادہ ہے۔ 2025ء میں بھی تقریباً 18000؍ امیدوار صرف 170؍ سی ایس ایس نامزدگیوں کیلئے مدمقابل تھے، جبکہ عمومی بھرتیوں میں تقریباً دو لاکھ درخواست گزار صرف 3005؍ نشستوں پر سفارشات کیلئے مقابلے میں شامل تھے۔
انصارعباسی












ہفتہ 18 جولائی 2026 


