فیفا ورلڈ کپ 2026: ڈونلڈ ٹرمپ سے مصافحہ نہ کرنے پر کرسٹیان رومیرو کی ویڈیو وائرل

Calender Icon پیر 20 جولائی 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد میڈلز تقسیم کرنے کی تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی کرسٹیان رومیرو کا رویہ صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرسٹیان رومیرو نے میڈل وصول کرنے کے دوران فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام سے مصافحہ کیا، تاہم وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہاتھ ملائے بغیر آگے بڑھ گئے۔

رومیرو کے اس عمل کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض صارفین نے اسے ایک دانستہ فیصلہ قرار دیا، جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ ویڈیو کے مختصر حصے کی بنیاد پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا مناسب نہیں۔

اسی تقریب کے دوران اسپین کے نوجوان سپر اسٹار لامین یمال کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں وہ بھی ڈونلڈ ٹرمپ سے مصافحہ کرنے سے کتراتے دکھائی دیتے ہیں۔

ادھر میڈلز تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسٹیڈیم میں موجودگی پر بعض شائقین کی جانب سے ہوٹنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں، جس کی ویڈیوز بھی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہیں۔

تاحال کرسٹیان رومیرو، لامین یمال، فیفا یا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر زیرِ بحث ہیں اور صارفین اپنے اپنے انداز میں ان پر تبصرے کر رہے ہیں۔