آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق 22 جولائی کی رات 12 بجے سے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپ بند رکھے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان بٹ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کسی مثبت نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے نئے نظام اور ڈیلرز کے مارجن سے متعلق معاملات پر حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔
نعمان بٹ نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپ مالکان نے متفقہ طور پر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے، جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ انہوں نے تمام پیٹرول پمپ مالکان سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں اور مقررہ وقت سے اپنے پمپ مکمل طور پر بند رکھیں۔
دوسری جانب آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ تنظیم کے مرکزی رہنما شعیب خان نے کہا کہ حکومت کو پیٹرولیم ریٹیلرز کے جائز مطالبات تسلیم کرنے چاہییں، جب تک مطالبات منظور نہیں کیے جاتے، پیٹرول پمپ بند رہیں گے۔
آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ملک بھر کے پیٹرولیم ریٹیلرز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور حکومت کے ایسے اقدامات کی مخالفت جاری رکھے گی جنہیں وہ غیر قانونی یا غیر منصفانہ قرار دیتی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کا نیا نظام متعارف کرایا ہے، جس پر پیٹرول پمپ مالکان اور ریٹیلرز نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مارجن میں اضافے سمیت دیگر مطالبات بھی حکومت کے سامنے رکھے تھے، تاہم مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہونے پر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔













منگل 21 جولائی 2026 

