لاس اینجلس: ہالی ووڈ کی شہرۂ آفاق فلم’دی ماسک‘ (The Mask) کے ہدایتکارچک رسل 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق اہلِ خانہ نے کی ہے، تاہم فوری طور پر موت کی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔
چک رسل کی اہلیہ اور اداکارہ انیا زینے نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سین ڈیاگو کے قریب واقع اپنی رہائش گاہ پر اچانک انتقال کر گئے۔
مزید پڑھیں:عالمی مقابلہ حسن میں حصہ لینے والی پہلی پاکستانی انیقہ جمال کون ہیں؟
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بے ہوش شخص کی اطلاع ملنے پر مقامی فائر سروس کے اہلکار ان کی رہائش گاہ پہنچے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے اہلِ خانہ مزید قانونی اور طبی کارروائی کے لیے کیلیفورنیا پہنچ گئے ہیں، جبکہ موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی کارروائی جاری ہے۔
چک رسل نے ہالی ووڈ میں تقریباً چار دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر کے دوران متعدد کامیاب اور یادگار فلموں کی ہدایت کاری کی۔ انہیں خاص طور پر 1994 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’دی ماسک‘ کے لیے دنیا بھر میں شہرت ملی، جس میں اداکار جم کیری نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم نے نہ صرف باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی بلکہ جم کیری کے کیریئر کو بھی عالمی سطح پر نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
چک رسل نے اپنے کیریئر میں کامیڈی، ایکشن اور ہارر سمیت مختلف اصناف میں کامیاب فلمیں تخلیق کیں اور اپنی منفرد ہدایت کاری کے باعث فلمی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
ان کے انتقال پر ہالی ووڈ سمیت دنیا بھر کے مداحوں اور فلمی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مرحوم اپنے پیچھے اہلیہ، تین بچوں اور ایک بہن کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال کو عالمی فلمی صنعت کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔













ہفتہ 25 جولائی 2026 

