جو ڈر گیا وہ مر گیا،سلمان خان کی ذومعنی پوسٹ وائرل

Calender Icon ہفتہ 25 جولائی 2026

ممبئی: بھارت میں طلبہ تنظیموں کے جاری احتجاج کے دوران بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی ایک نئی سوشل میڈیا پوسٹ تیزی سے وائرل ہو گئی، جس کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔

سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جم میں لی گئی اپنی چند تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ ورزش کے بعد سفید تولیہ سر پر رکھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

تاہم صارفین کی توجہ تصاویر سے زیادہ ان کے کیپشن نے حاصل کی، جس میں انہوں نے لکھا، سلمان خان ڈر گیا، جو ڈر گیا وہ مر گیا۔

مزید پڑھیں:سلمان خان نے کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ہونیوالے طلبا احتجاج کی حمایت کردی

یہ مختصر مگر ذومعنی جملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں صارفین نے اس پر تبصرے کیے۔ بعض صارفین نے اسے سلمان خان کا مزاحیہ انداز قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے موجودہ حالات کے تناظر میں مختلف انداز سے تعبیر کرنے کی کوشش کی۔

سلمان خان کی جانب سے اس پوسٹ کے پس منظر یا مقصد کے بارے میں کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سلمان خان کی ممبئی سلم ری ہیبیلی ٹیشن اتھارٹی (SRA) کی ایک سرکاری تقریب میں شرکت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہی تھی۔ اس ویڈیو میں مداحوں نے اداکار کو معمول کے مقابلے میں کمزور، تھکا ہوا اور غیر معمولی انداز میں دیکھا، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

سلمان خان کی نئی پوسٹ نے ایک بار پھر مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر صارفین مختلف انداز میں اس کے معنی اور مقصد پر تبصرے کر رہے ہیں۔