آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ: میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں پولنگ شروع

Calender Icon پیر 27 جولائی 2026

آج میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میر پور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں میں پولنگ کا آغازجو شام 5 بجے تک جاری رہے گی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، استحکامِ پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 296 امیدوار میدان میں ہیں۔

میرپور ڈویژن کے3 اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے۔ جن میں مرد ووٹرز 7 لاکھ 25 ہزار 118 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 75 ہزار 628 ہے۔

میرپور ڈویژن میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں ضلع میر پور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 اور ضلع بھمبھر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

انتخابات کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیرجسٹس (ریٹائرڈ غلام) مصطفیٰ مغل کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

مزید پڑھیں:ٹرانسپورٹ کمپنی نیازی ایکسپریس کا ایئرلائن کے قیام کا فیصلہ، بنیادی تیاریاں مکمل

چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔