اسلام آباد: وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (اوٹکا) کے وفد کے درمیان کامیاب ملاقات ہوئی، جس میں آئل ٹینکرز سے متعلق مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ پیٹرولیم نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کی سربراہی اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم کریں گے، جو ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل آئل، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (اوٹکا) اور آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی (او سی اے سی) کے نمائندگان شامل ہوں گے۔
مزید پڑھیں: وزارت پیٹرولیم اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میں مذاکرات آج
اوٹکا کا وفد صدر عابداللہ آفریدی کی قیادت میں وزیرِ پیٹرولیم سے ملاقات کے لیے پہنچا، جہاں وفد نے وائٹ آئل پائپ لائن کے کوٹے میں کمی، فریٹ فارمولے اور کمرشل لوڈنگ سمیت دیگر معاملات پر اپنے تحفظات اور مطالبات پیش کیے۔
وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اوگرا کو ہدایت کی کہ آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فریٹ کنٹریکٹس سے متعلق تحریری پالیسی جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔
اس کے علاوہ اوگرا کو آئل ٹینکرز کی مؤثر ٹریکنگ اور ڈیلرز کی گاڑیوں کو پرائمری ٹرانسپورٹیشن سے الگ رکھنے کے حوالے سے اقدامات کرنے کا کہا گیا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک بھر میں عوام کو بلا تعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اوٹکا کے وفد نے وزیرِ پیٹرولیم کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے ذریعے آئل ٹینکرز سے متعلق تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔













پیر 27 جولائی 2026 

