آئی سی سی ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزی، خرم شہزاد کو جرمانہ اور محمد عباس کو تنبیہ

Calender Icon بدھ 29 جولائی 2026

ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کے فاسٹ بولرز خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ اور سرزنش کی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ محمد عباس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ طور پر تنبیہ کی گئی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے بیان کے مطابق خرم شہزاد نے ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن منانے کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، جبکہ محمد عباس نے جومل واریکن کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد جشن کے انداز پر آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

دونوں پاکستانی فاسٹ بولرز نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے عائد کی گئی سزاؤں کو قبول کرلیا، جس کے باعث معاملے پر باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

واضح رہے کہ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دی۔ پاکستان کو جیت کے لیے 211 رنز کا ہدف ملا تھا، تاہم قومی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔