20 اکتوبر سے 29 اکتوبر 2025 تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچز کے دوران خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 310 افسران و جوان ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تعینات ہوں گے۔ترجمان کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ مارگلہ روڈ سے کھنہ کی جانب سفر کرنے والے فیصل ایونیو، بلیو ایریا، کلب روڈ اور لہتراڑ روڈ استعمال کریں۔ سیکٹرز جی نائن، جی ٹین، جی الیون اور ترنول جانے والے شہری فیصل ایونیو سے ایف ٹین روڈ اختیار کریں۔
راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے والے پشاور موڑ کے ذریعے سری نگر ہائی وے استعمال کریں، جبکہ آئی جے پی روڈ سے آنے والے سبزی منڈی روڈ سے سفر کریں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران سروس روڈز پر شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود رہیں گے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران خصوصاً صبح کے دفتری اوقات، اسکول اوقات اور شام کے رش کے اوقات میں ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کے لیے اضافی وقت نکالیں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔ اسلام آباد پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہی کے لیے شہری اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم ریڈیو 92.4 سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پکار 15 یا ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔












اتوار 19 اکتوبر 2025 