دیر بالا: طوفانی بارشوں سے تباہی، مرکزی شاہراہ بند، پل بہہ گیا، سیاح و مسافر پھنس گئے

Calender Icon اتوار 2 اگست 2026

اپر دیر: دیر بالا میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی اور مختلف علاقوں میں صورتحال تشویشناک ہوگئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق انکار مدرسہ کے قریب سیلابی ریلے کی زد میں آ کر مین شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ مسافر اور سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث ایک رابطہ پل بھی بہہ گیا جبکہ کئی علاقوں کی سڑکیں بارش اور سیلابی پانی سے متاثر ہو کر بہہ گئیں، جس سے آمدورفت کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق برساتی نالے میں طغیانی کے دوران ایک گاڑی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ تاہم فوری طور پر جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں:اوپیک پلس نے ستمبر میں تیل کی پیداوار بڑھانے کی منظوری دے دی

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور صورتحال کی نگرانی میں مصروف ہیں، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔