کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور عملے کی حاضری کے لیے فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (فریمز) کے نفاذ کی منظوری دے دی، جس کا باقاعدہ آغاز 17 اگست سے صوبے کے 6 اضلاع میں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو فریمز منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے، جہاں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ سسٹم آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے کام کرے گا، جس سے محدود انٹرنیٹ والے علاقوں میں بھی حاضری کی نگرانی ممکن ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام منتخب اسکولوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ اساتذہ کی آمد و روانگی کا ریکارڈ خودکار طور پر محفوظ ہوگا، جو درست اور ناقابلِ ردوبدل ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ فریمز صرف حاضری کی ایپلیکیشن نہیں بلکہ تعلیمی شعبے میں گورننس کی ایک اہم اصلاح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام سے اسکولوں میں شفافیت، احتساب، مؤثر نگرانی، ادارہ جاتی نظم و ضبط اور تعلیمی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ ابتدائی مرحلے میں مضبوط سپورٹ اور مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے، اسکول انتظامیہ کو تمام ضروری تکنیکی معاونت فراہم کی جائے اور منصوبے کے کامیاب نفاذ کے بعد اسے مرحلہ وار سندھ کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اساتذہ کی باقاعدہ حاضری بہتر تعلیمی نتائج کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور ہر بچے کا حق ہے کہ اسے معیاری تعلیم فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیمی نظام میں احتساب کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے فریمز کے نفاذ کے لیے تمام تکنیکی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور ڈیٹا پر مبنی گورننس کے ذریعے تعلیمی انتظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فریمز کا نفاذ سندھ میں جاری تعلیمی اصلاحات کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں:ایک اور اے آئی کمپنی کے ماڈل نے 3 دیگر اداروں کو ہیک کرلیا
چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ چھ منتخب اضلاع میں کامیاب نفاذ کے بعد اس نظام کو مرحلہ وار سندھ بھر کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔













منگل 4 اگست 2026 

