جرمنی(Germany) میں ہنر مند افراد کے لیے روزگار کے بہترین مواقع ہیں،خواہشمند غیر ملکی صحت، تعلیم اور ہوٹلنگ سمیت متعدد شعبوں میں بھرتیوں کیلیے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
جرمنی کی حکومت نے ہنر مند اور پیشہ ور افراد کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر غیر ملکیوں کو ویزا، ملازمت اور رہائش سے متعلق رہنمائی فراہم کردی۔
یہاں مختلف شعبوں میں بین الاقوامی کارکنوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہیں، جس میں صحت، میڈیکل ٹیکنالوجی، ہوٹلنگ، ریسٹورنٹ، سیاحت اور تعلیم سمیت کئی شعبے شامل ہیں جہاں اہل امیدواروں کی بھرتیاں جاری ہیں۔
جرمن حکام کے مطابق صحت کے شعبے میں ڈینٹل اسسٹنٹ، میڈیکل اسسٹنٹ، ویٹرنری اسسٹنٹ، فزیوتھراپسٹ، آکوپیشنل تھراپسٹ، فارماسسٹ، ریڈیالوجی ٹیکنیشن، سرجیکل ٹیکنالوجسٹ، اینستھیزیا اسسٹنٹ، پیرا میڈکس، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز اور پاؤں کے امراض کے ماہر (پودیاترسٹ) کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی ڈینٹل ٹیکنیشن، ہیئرنگ ایڈ اسپیشلسٹ، آپٹیشن (عینک ساز) اور آرتھوپیڈک ٹیکنیشنز کے لیے روزگار کے مواقع موجود ہیں۔
سیاحت، ہوٹلنگ اور گاسٹرونومی کے شعبے میں بھی ہنر مند افراد کی ضرورت برقرار ہے، جہاں ہوٹل مینجمنٹ کے ماہرین، ریسٹورنٹ اسپیشلسٹ، کیٹرنگ ایکسپرٹس اور باورچیوں (کُکس) کے لیے ملازمتیں دستیاب ہیں۔
مزیدپڑھیں:اسپیس ایکس کا راکٹ اپنے مدار سے بھٹک گیا، آج کسی بھی وقت چاند سے ٹکرانے کے خدشہ
تعلیم کے شعبے میں بھی جرمنی کو تربیت یافتہ افرادی قوت درکار ہے۔ اس مقصد کے لیے اساتذہ، سوشل ورکرز اور ایجوکیٹرز کی بھرتیاں کی جا رہی ہیں تاکہ تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
اہلیت کا کیا معیار ہے؟
جرمنی میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے امیدوار کا جرمن قانون کے مطابق ہنر مند کارکن ہونا ضروری ہے۔ اس کے لیے امیدوار کے پاس جرمنی یا بیرون ملک سے حاصل کردہ پیشہ ورانہ تربیت یا اعلیٰ تعلیمی ڈگری ہونی چاہیے، جسے جرمنی تسلیم کرتا ہو۔
ملازمت حاصل کرنے کے لیے کیا کریں؟
جرمنی میں کام کے خواہشمند افراد اپنے پیشے سے متعلق تفصیلات بیروفینیٹ پر حاصل کرسکتے ہیں، جبکہ ویزا اور رہائش کی اہلیت جانچنے کے لیے کوئیک چیک ٹول استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح دستیاب ملازمتوں کی تلاش کے لیے ’میک اٹ ان جرمنی‘ پورٹل پر مختلف شعبوں میں موجود اسامیوں کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ اس ویب سائٹ پر انضمام، پیشہ ورانہ رہنمائی اور مختلف زبانوں میں معلوماتی مواد بھی دستیاب ہے۔
https://web.arbeitsagentur.de/berufenet/
ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمنی میں ملازمت کا ارادہ رکھنے والے افراد کو درخواست دینے سے قبل اپنی تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ قابلیت اور ویزا کی شرائط کا تفصیلی جائزہ لینا چاہیے تاکہ ملازمت کے حصول کا عمل آسان بنایا جاسکے۔
دستیاب نوکریوں کی تلاش کے لیے یہ ویب سائٹ دیکھیں:
https://www.make-it-in-germany.com/en/working-in-germany/job-listings
مزید مکمل معلومات کے لیے یہ لنک ملاحظہ کریں:
https://www.make-it-in-germany.com/en/working-in-germany/professions-in-demand/other-professions-in-demand













بدھ 5 اگست 2026 

