جدہ میں ’’یوم استحقاق کشمیر‘‘ تقریب، بھارتی مذمت، دستاویزی فلم دکھائی گئی

Calender Icon جمعرات 6 اگست 2026

جدہ: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر جدہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب سے او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر سید فواد شیر، ڈپٹی قونصل جنرل ، فرینہ ارشد، چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود احمد پوری اور چیئرمین جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز انجینئر عارف مغل نے خطاب کیا۔

مقررین نے تنازعہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور مقبوضہ وادی کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات کو غیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور سعودی عرب سمیت او آئی سی کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر مثبت کردار کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل صرف اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے۔

مزید پڑھیں:والد کہتے تھے بھارت ماں ہے تو پاکستان اسکی بہن ہے: سنی دیول

تقریب میں پاکستانی اور کشمیری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی، تنازعہ کشمیر کے جلد پرامن حل اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔