اسلام آباد، اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (IMDC) نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سےکلینیکل آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اِن ہیلتھ کیئر کے عالمی معیار کے سرٹیفکیٹ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ پروگرام کا مقصد میڈیکل، ڈینٹل، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبہ اور طبی ماہرین کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مستقبل کے عالمی نظامِ صحت کے تقاضوں کے لیے تیار کرنا ہے۔
ایک ماہ پر مشتمل ویک اینڈ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق نے کہا کہ مصنوعی ذہانت طبی شعبے کی اہم ضرورت بن چکی ہے اور یہ پروگرام پاکستان میں جدید طبی تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسریاسر خان نیازی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اب مستقبل نہیں بلکہ صحت کے شعبے کی موجودہ حقیقت ہے، اس لیے جدید طبی ماہرین کے لیے ڈیجیٹل مہارتیں ناگزیر ہو چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ مستقبل میں اے آئی، ڈیجیٹل میڈیسن اور دیگر جدید شعبوں میں مزید عالمی معیار کے پروگرام بھی متعارف کرائے گا۔
مزید پڑھیں:پی اے ای سی سربراہ پرویز بٹ “خاموش ہیرو، خراجِ عقیدت پیش: مشاہد حسین سید
یہ پروگرام برطانیہ کی السٹر یونیورسٹی، بیلفاسٹ کے ماہرین نے تیار کیا ہے، جس کا نصاب عالمی طبی نظام کی جدید ضروریات کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ منتظمین کے مطابق اس اقدام سے پاکستان میں ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور عالمی معیار کی طبی افرادی قوت کی تیاری میں مدد ملے گی۔













جمعرات 6 اگست 2026 

