اداکار و تامل ناڈو وزیراعلیٰ وجے کی اہلیہ نے طلاق کی درخواست واپس لے لی

Calender Icon جمعہ 7 اگست 2026

معروف اداکار اور بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ سی جوزف وجے کی اہلیہ سنگیتا نے جمعہ کے روز فیملی کورٹ میں دائر طلاق کی درخواست واپس لے لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنگیتا نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ وہ اب طلاق کے مقدمے کو مزید آگے نہیں بڑھانا چاہتیں۔ ان کے بیان کی بنیاد پر عدالت نے درخواست واپس لینے کی اجازت دیتے ہوئے مقدمہ نمٹا دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق سنگیتا نے باقاعدہ درخواست واپسی جمع کروائی تھی۔ عدالت نے ان کا بیان ریکارڈ کیا، جبکہ وجے کے وکیل نے بھی درخواست واپس لینے پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ جبکہ عدالت نے سنگیتا کو مستقبل میں ضرورت پڑنے پر نئی درخواست دائر کرنے کی بھی اجازت دے دی۔

خیال رہے کہ سنگیتا نے فروری 2026 میں طلاق کی درخواست دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ وجے ایک خاتون اداکارہ کے ساتھ تعلقات رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق انہیں 2021 میں اس تعلق کا علم ہوا تھا، جس کے بعد وجے نے اسے ختم کرنے کا وعدہ کیا، مگر مبینہ طور پر ایسا نہیں کیا۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وجے نے آہستہ آہستہ سنگیتا کو اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے الگ کر دیا، جبکہ وہ بیرونِ ملک دوروں اور عوامی تقریبات میں مذکورہ اداکارہ کے ساتھ نظر آتے رہے۔

سنگیتا کا کہنا تھا کہ ان ملاقاتوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جاتی رہیں، جن کی نہ تو وجے نے تردید کی اور نہ ہی مخالفت کی۔

وجے کی اہلیہ سنگیتا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان واقعات سے انہیں اور ان کے دونوں بچوں، جیسن سنجے اور دیویا ساشا کو شدید ذہنی اذیت اور سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ وجے نے ان کے لیے پہلے سے موجود سہولیات واپس لے لیں، مالی پابندیاں عائد کیں اور ان کی نقل و حرکت بھی محدود کر دی۔

مزید پڑھیں:خوشگوار حیرت، 40 سالہ مسروقہ کتاب دکان کو 27 ہزار روپے اور معذرت نامے کیساتھ موصول

طلاق کی درخواست میں سنگیتا نے مزید کہا تھا کہ وجے کے رویے اور 2024 میں ان سے متعلق سوشل میڈیا پر ہونے والے تنازعات نے انہیں شدید ذہنی صدمہ پہنچایا۔ ان کے مطابق ان کی شادی عملی طور پر ختم ہو چکی تھی اور صرف کاغذی حیثیت رکھتی تھی، جبکہ اس رشتے نے انہیں مسلسل ذہنی اذیت، تذلیل اور تکلیف سے دوچار رکھا۔