شکارپور: مبینہ مضرِ صحت کھانا کھانے سے 3 بچے جاں بحق، 7 کی حالت تشویشناک

Calender Icon ہفتہ 8 اگست 2026

شکارپور: سندھ کے ضلع شکارپور کی تحصیل خانپور میں مبینہ طور پر مضرِ صحت کھانا کھانے کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 3 معصوم بچے دم توڑ گئے جبکہ دیگر 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شکارپور کے نواحی علاقے خانپور میں رات کا کھانا کھانے کے بعد ایک ہی گھر کے 10 افراد کی حالت اچانک بگڑ گئی۔ متاثرین کو فوری طور پر شدید تڑپنے اور الٹیاں آنے کے باعث قریب واقع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد کی فراہمی کے باوجود 3 معصوم بچے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر 7 متاثرین کو فوری ایمرجنسی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق زیرِ علاج افراد میں سے کچھ کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کھانے کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھجوائے جا رہے ہیں تاکہ زہر خوارگی یا کھانا خراب ہونے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے اور رپورٹ سامنے آنے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس المناک واقعے کے بعد علاقے میں غم و اندوہ کی لہر ڈور گئی ہے جبکہ متاثرہ خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔