ہسپانوی: ایک ہسپانوی پیسٹری شیف نے 4 ماہ کی مسلسل محنت سے ایسا منفرد اور دلکش کیک تیار کیا جس نے دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہسپانوی پیسٹری شیف مارک سواریز اپنے انتہائی نفیس اور شاندار کیکس کے لیے مشہور ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ایک سعودی خاندان کی شاہی شادی کے لیے ایسا منفرد کیک تیار کیا جو اپنے حجم، ڈیزائن اور سجاوٹ کے باعث توجہ کا مرکز بن گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شاہکار کی اونچائی3.5 میٹر جبکہ چوڑائی 1.8 میٹر تھی، جس کی سجاوٹ اور ڈیزائن بھی شاہانہ انداز میں کیا گیا۔
شیف کو شاہی خاندان کی جانب سے آرڈر ملنے کے بعد اس کیک کا خاکہ تیار کرنے میں تقریباً ڈیڑھ ماہ لگے، جبکہ اسے عملی شکل دینے کے لیے مزید 4 ماہ تک کام کیا گیا۔
شیف عام طور پر اپنے منصوبوں پر اکیلے کام کرتے ہیں، تاہم اس بڑے منصوبے کے لیے انہوں نے اپنے کئی پیسٹری شیف دوستوں اور ان کے اہل خانہ کی مدد بھی حاصل کی۔
مارک سواریز کے مطابق کیک پر 33 ہزار پنکھڑیاں سجانا ہی ایک غیر معمولی اور محنت طلب مرحلہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس شاندار کیک کی تیاری میں مجموعی طور پر تقریباً 1800 گھنٹے لگے، جبکہ تیار ہونے کے بعد اس کا وزن تقریباً 500 کلوگرام تک پہنچ گیا۔
کیک کا غیر معمولی حجم، نفیس ڈیزائن اور ہاتھ سے کی گئی باریک سجاوٹ اسے شاہی تقریب کے لیے ایک منفرد شاہکار بنا گئی۔













ہفتہ 15 اگست 2026 

