عائزہ خان نے دانش تیمور سے علیحدگی کی افواہوں کو ’فیک‘ قرار دے دیا

Calender Icon پیر 17 اگست 2026

کراچی: پاکستانی اداکارہ عائزہ خان نے شوہر و اداکار دانش تیمور سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کردیا۔

سوشل میڈیا پر عائزہ خان اور دانش تیمور کی ازدواجی زندگی سے متعلق گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ ایک فین پیج کی جانب سے علیحدگی سے متعلق شیئر کی گئی پوسٹ پر عائزہ خان نے مختصر ردعمل دیتے ہوئے صرف ’فیک‘ لکھا، جسے مداحوں نے افواہوں کی واضح تردید قرار دیا۔

دونوں اداکاروں کی حالیہ سوشل میڈیا سرگرمیوں اور ایک دوسرے کے ساتھ کم نظر آنے کے باعث مداحوں کی جانب سے ان کی علیحدگی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

افواہوں نے اس وقت مزید زور پکڑا جب عائزہ خان کراچی میں دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کی اختتامی تقریب کی خصوصی اسکریننگ میں نظر نہیں آئیں۔ اسی طرح 8 اگست کو دونوں کی نکاح کی سالگرہ کے موقع پر ایک دوسرے کے لیے کوئی نمایاں عوامی پوسٹ یا مبارکباد سامنے نہ آنے پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کردیں۔

14 اگست کے آس پاس بھی عائزہ خان اور دانش تیمور کی جانب سے خاندانی تصاویر یا سالگرہ سے متعلق پوسٹس شیئر نہ کیے جانے کو بعض صارفین نے جاری افواہوں سے جوڑا۔

بعد ازاں عائزہ خان نے سیاہ و سفید تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں وہ دونوں ہاتھوں سے اپنے کان ڈھانپے ہوئے دکھائی دیں۔ بعض صارفین نے اس تصویر کو بھی جاری قیاس آرائیوں سے جوڑتے ہوئے اسے ایک مبہم پیغام قرار دیا۔

تاہم عائزہ خان کے حالیہ مختصر ردعمل کے بعد علیحدگی کی افواہوں کی حیثیت مزید واضح ہوگئی ہے۔ اس سے قبل عائزہ خان اور دانش تیمور کی جانب سے ازدواجی مسائل یا طلاق کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا تھا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بیشتر باتیں ان کی آن لائن سرگرمیوں کی بنیاد پر قیاس آرائیوں تک محدود تھیں۔

مزید پڑھیں:پوتن کے جزائر کوریل دورے پر جاپانی احتجاج ناقابل قبول ہے، سرگئی لاوروف

عائزہ خان اور دانش تیمور کی شادی کو ایک دہائی سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور دونوں کا شمار پاکستان کی معروف شوبز جوڑیوں میں ہوتا ہے، عائزہ خان ’پیارے افضل‘، ’میرے پاس تم ہو‘ اور ’چپکے چپکے‘ سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کے باعث شہرت رکھتی ہیں۔