سویڈن کے ہائی اسکول میں تلوار سے حملہ، ایک شخص ہلاک

Calender Icon ہفتہ 22 اگست 2026

وسطی سویڈن کے شہر فاجیرستا کے ایک ہائی اسکول میں تلوار سے مسلح نوجوان نے طلبہ پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ برینیل ہائی اسکول میں پیش آیا، جہاں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد اسکول دوبارہ کھولا گیا تھا اور بعض طلبہ کا تعلیمی سال کا پہلا دن تھا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور کی عمر 18 سال ہے، جسے پولیس نے فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرلیا۔ زخمیوں میں 2 کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جبکہ تیسرے زخمی شخص کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اسی اسکول کا سابق طالب علم تھا اور ماضی میں بھی ایک تشدد کے مقدمے میں سزا پا چکا ہے۔

سویڈن کے سرکاری نشریاتی ادارے ایس وی ٹی نے نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آور نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور اس کے ہاتھ میں تلوار تھی۔

ایک طالب علم عبدالرحیم سالمو نے ایس وی ٹی کو بتایا کہ اس نے ایک زخمی شخص کو دیکھا جس کے بازو پر خون آلود زخم تھا۔ واقعے کے بعد طلبہ نے پولیس کو اطلاع دی اور خوف کے باعث وہاں سے بھاگ گئے۔

فاجیرستا کی میئر آسا مارٹا شوستروم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے سے چھوٹا سا شہر شدید صدمے سے دوچار ہے۔ ان کے مطابق اس وقت شہر اور اسکول کی اولین ترجیح طلبہ اور ملازمین کی دیکھ بھال ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب دو ہفتے قبل تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلاک افراد میں 5 اساتذہ اور 2 طلبہ شامل تھے، جبکہ حملہ آور نے بعد میں اپنی جان لے لی تھی۔

تھائی پولیس کے مطابق فائرنگ مبینہ طور پر اسی اسکول کے نویں جماعت کے 14 سالہ طالب علم نے کی تھی، جس نے واقعے سے قبل اپنے دادا اور دادی کو بھی قتل کیا تھا۔