کرینہ کپور کے تیسرے حمل کی خبریں، خاندانی ذرائع نے حقیقت بتادی

Calender Icon ہفتہ 22 اگست 2026

بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کے تیسرے حمل سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں کرینہ کپور کی جم کے باہر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد مداحوں کی جانب سے ان کے تیسرے حمل سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور اور ان کے شوہر، اداکار سیف علی خان، حال ہی میں اپنے دونوں بیٹوں تیمور اور جہانگیر کے ہمراہ ساحل سمندر پر چھٹیاں گزارنے کے بعد ممبئی واپس پہنچے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں کرینہ کپور کو جم کے لباس میں اپنی گاڑی کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران اداکارہ کے وزن میں اضافہ مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، جس کے بعد ان کے حاملہ ہونے کی افواہوں نے زور پکڑ لیا۔

تاہم افواہیں سامنے آنے کے بعد کرینہ کپور کے قریبی ذرائع نے ان کے تیسرے حمل سے متعلق وضاحت کردی۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق قریبی ذرائع نے اداکارہ کے حاملہ ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کرینہ کپور حاملہ نہیں ہیں اور یہ خبر بالکل درست نہیں۔

رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور اس سے قبل بھی اپنے خاندانی منصوبوں کے حوالے سے بات کرچکی ہیں۔ ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ وہ مزید بچے نہیں چاہتیں۔

کرینہ کپور اور سیف علی خان کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔ تیسرے بچے سے متعلق افواہوں کی وضاحت کے بعد اداکارہ کے قریبی ذرائع نے مداحوں کی جانب سے کی جانے والی قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا ہے۔