پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو(Ronaldo) کی فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو سے ملاقات کے فوراً بعد سامنے آنے والے عجیب تاثرات نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
پیرس میں ہونے والے ای اسپورٹس ورلڈ کپ کے دوران دونوں کی مختصر ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر رونالڈو نے انفینٹینو سے گرمجوشی سے خیریت دریافت کی جبکہ فیفا صدر نے ان کے ایک ہزار کیریئر گولز کے ہدف کا ذکر کرتے ہوئے انہیں باقی 23 گولز کے لیے نیک خواہشات دیں۔
اصل توجہ ملاقات کے بعد رونالڈو کے چہرے کے تاثرات نے حاصل کی جب انفینٹینو سے بات کر کے آگے بڑھتے ہوئے رونالڈو نے اچانک ایک غیر معمولی سا منہ بنایا جسے کیمرے نے ریکارڈ کر لیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر بحث آگئی۔
کچھ صارفین نے رونالڈو کے تاثرات کو ناپسندیدگی سے جوڑا جبکہ دونوں کے درمیان گفتگو کے دوران کسی اختلاف یا ناخوشگوار صورتحال کے آثار دکھائی نہیں دیے۔
یہ بھی واضح نہیں کہ رونالڈو کا مذکورہ ردعمل انفینٹینو سے متعلق تھا یا وہ کسی اور بات یا اردگرد ہونے والی سرگرمی پر ردعمل دے رہے تھے، اس لیے محض ان کے چہرے کے تاثرات سے کسی نتیجے پر پہنچنا ممکن نہیں۔













پیر 24 اگست 2026 

