اسلام آباد میں یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے نظرثانی شدہ شیڈول جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 اگست کو شائع کی جائے گی، جس کے بعد شہری اور متعلقہ ووٹرز حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز جمع کرا سکیں گے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست کی اشاعت کے اگلے روز یعنی 28 اگست سے اعتراضات جمع کرانے کا عمل شروع ہوگا، جو 17 ستمبر تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت کے دوران موصول ہونے والے اعتراضات اور تجاویز پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد کی یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات پر فیصلے 2 اکتوبر کو کیے جائیں گے، اعتراضات کے فیصلوں کے بعد حلقہ بندیوں کے عمل کو حتمی شکل دینے کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اسلام آباد کی یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 14 اکتوبرکوشائع کی جائے گی، نظرثانی شدہ شیڈول کے اجرا کے بعد حلقہ بندیوں کے عمل میں تیزی آنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:نورین نیازی، عمران خان ملاقات ختم، صحافیوں کے سوال و جواب سے گریز
الیکشن کمیشن نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے دوران حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست کا جائزہ لیں اور کسی بھی اعتراض یا تجویز کی صورت میں مقررہ مدت کے اندر اسے متعلقہ فورم پر جمع کرائیں۔













منگل 25 اگست 2026 

