سی ڈی سی اور گلیات بکوٹ پریس کلب کا طبی سہولیات فراہمی کا معاہدہ طے

Calender Icon جمعہ 28 اگست 2026

راولپنڈی: معروف طبی ادارے کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر (سی ڈی سی) اور گلیات بکوٹ پریس کلب کے درمیان ممبران اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

معاہدے کی تقریب کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر کی شاہ خالد برانچ، پرانا ایئرپورٹ روڈ راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت مارکیٹنگ ہیڈ روبینہ اکبر نے کی۔ تقریب میں گلیات بکوٹ پریس کلب کے بانی و اے پی پی ورکرز اتحاد کے جنرل سیکرٹری خالد اقبال ربانی، سرپرست اعلیٰ سردار عبد الوحید ہزاروی، صدر سردار سعید اور فنانس سیکرٹری عابد اقبال نے شرکت کی۔

مفاہمتی یادداشت پر پریس کلب کے صدر سردار سعید اور سی ڈی سی کی مارکیٹنگ ہیڈ روبینہ اکبر نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کو بنیادی و پیچیدہ طبی ٹیسٹوں سمیت مختلف سہولیات پر’’30 فیصد تک رعایت‘‘ فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر گلیات اور سرکل بکوٹ کے عوام کے لیے مختلف اوقات میں میڈیکل کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سی ڈی سی ہیڈ آفس کے فرحان ریاض نے وفد کو ادارے کی طبی سہولیات، مختلف شعبہ جات اور جدید تشخیصی نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔

وفد کو لیبارٹری کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کرایا گیا، جہاں جدید ڈیجیٹل ایکسرے، الٹراساؤنڈ، اسکیننگ اور دیگر تشخیصی سہولیات کے علاوہ ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں بنیادی و پیچیدہ ٹیسٹوں کی مستند اور بروقت رپورٹس کی تیاری کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔

روبینہ اکبر نے کہا کہ چیئرمین و بانی سعید اللہ مروت کی قیادت میں سی ڈی سی کا مقصد عوام کو کم نرخوں پر معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ مریضوں کا اعتماد برقرار رکھنا اور بیماریوں کی بروقت تشخیص ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

فرحان ریاض نے بتایا کہ سی ڈی سی کے پینل پر ملک کے تجربہ کار ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ لیبارٹریز کو جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف بڑے شہروں میں سی ڈی سی کی برانچز شہریوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ، انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 290 رنز پر آؤٹ

انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کے جی ایٹ مرکز میں عالمی معیار کے ہسپتال کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جسے جلد فعال کردیا جائے گا، جبکہ تھیلیسیمیا کے رجسٹرڈ مریضوں کے لیے مفت خون کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔گلیات بکوٹ پریس کلب کے وفد نے سی ڈی سی کی جانب سے جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا۔