سانحہ پمز(PIMS) کی انکوائری کے نتیجے میں معطل ہونے والے افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق معطل افسران کی جگہ پمز میں نئے افسران تعینات کر دیے گئے ہیں، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد سلمان پمز کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہوں گے۔
ڈاکٹر محمد سلمان کے پاس نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو کا اضافی چارج بھی ہوگا، ڈاکٹر محمد سلمان کی تعیناتی ڈیپوٹیشن پر 3 سال کے لیے کی گئی ہے، جب کہ پمز کے ای این ٹی ڈاکٹر الطاف جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیے گئے ہیں۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے پمز سانحہ پر اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت 8 افسران کو معطل کرنے کی منظوری دی تھی۔
جن افسران کو معطل کیا گیا ہے ان میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ، اور ڈاکٹر اویس شاہ شامل ہیں۔
مزیدپڑھیں:آٹھ سال قبل ایسے کام چھوڑ دیئے جن سے اللہ ناراض ہو؛ اداکارہ لیلیٰ
اس کے علاوہ نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئر رجسٹرار ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی پمز محمد عثمان اور سی ڈی اے کے ایمرجنسی سروس کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمان کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز کے اجلاس میں سیکیورٹی پر مامور کمپنی اور اس کے عہدیداران کے خلاف بھی کارروائی کی منظوری دی گئی ہے، جب کہ وزیر اعظم کی جانب سے اپنی جان کی پراہ کیے بغیر بچے کی جان بچانے والی نرس کو ستارہ خدمت دینے کی منظوری دی گئی۔













اتوار 30 اگست 2026 

