مالاکنڈ، سوات ایکسپریس وے پر کوچ اور ڈمپر میں تصادم، 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی

Calender Icon اتوار 30 اگست 2026

مالاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے پر ٹنل ٹو کے قریب تیز رفتاری کے باعث مسافر کوچ اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔

حادثہ سوات ایکسپریس وے پر ٹنل ٹو شاہکوٹ کے قریب پیش آیا، اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

تین مہینے قبل بھی سوات ایکسپریس وے پر اسماعیلیہ کے قریب مسافر وین اور بس کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 18 مسافر جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس حادثے کے حوالے سے ریسکیو حکام کا بتانا تھا کہ بس سڑک کنارے کھڑی تھی کہ پیچھے سے آنے والی وین تیز رفتاری کی وجہ اس سے جا ٹکرائی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو بٹ خیلہ اور مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ مسافر ہائی ایس مردان سے دیر جا رہی تھی ، حادثہ ہائی ایس ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔

سوات ایکسپریس وے پر تین ماہ کے دوران کئی بڑے ٹریفک حادثات ہوئے ، 25 مئی کو المناک حادثے میں 18 افراد لقمہ اجل اور 7 زخمی ہوئے تھے جب سڑک کنارے کھڑی بس کیساتھ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار بس ٹکرائی تھی۔

جون میں کاٹلنگ کے قریب ایک اور حادثے کے نتیجے میں ایک بے قابو گاڑی نے ڈیوٹی پر موجود موٹروے پولیس اہلکاروں کو ٹکر مار دی، جس سے ایک سب انسپکٹر اور ایک بچی جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں:خلیجی ممالک حقیقی دشمنوں کے منصوبوں کو سمجھیں، ایرانی سپریم لیڈر

علاوہ ازیں 29 جولائی کو سوات ایکسپریس وے پر چکدرہ کے قریب ٹنل نمبر 3 میں مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوئی۔ جس کے نتیجے میں 22 افراد زخمی ہوئے تھے۔