معروف اداکارہ جیا علی اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کیوں نہ کر سکیں ۔۔ ؟

Calender Icon منگل 1 ستمبر 2026

پاکستانی اداکارہ و ماڈل جیا علی نے اپنی والدہ کے انتقال اور اس کے بعد پیش آنے والی کیفیت کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی جذباتی ہوگئیں اور والدہ کی زندگی اور بیماری کے آخری ایام کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کی شادی صرف 16 برس کی عمر میں ہوئی تھی اور وہ پانچ بچوں کی ماں تھیں۔

جیا علی کے مطابق ان کی والدہ نے خاندان کی کفالت کے لیے طویل عرصے تک کام کیا، تاہم اپنی صحت پر توجہ نہ دے سکیں۔ عمر کے آخری حصے میں وہ شدید علیل رہیں اور ایک وقت میں کومے میں بھی چلی گئی تھیں۔

اداکارہ نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں آج بھی افسوس ہے کہ وہ اپنی والدہ سے کبھی کھل کر محبت کا اظہار نہیں کر سکیں، حالانکہ والدہ نے بچوں کی پرورش اور خاندان کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔

جیا علی نے بتایا کہ والدہ کے انتقال کی خبر انہیں اسلام آباد میں ملی، تاہم وہ اس خبر کو فوری طور پر قبول نہ کر سکیں اور ایک عجیب ذہنی کیفیت میں چلی گئیں۔ وہ والدہ کی تدفین کے لیے لاہور بھی نہ جا سکیں اور کام کے سلسلے میں کراچی چلی گئیں۔

ان کے مطابق اہل خانہ ان سے رابطہ نہ کر سکے، جس کے باعث والدہ کی تدفین دو روز بعد کی گئی۔ جیا علی کا کہنا تھا کہ اس دوران وہ نہ رو سکیں اور نہ ہی مناسب ردعمل دے سکیں، جبکہ انہیں یہ حقیقت قبول کرنے میں تقریباً چار دن لگے کہ ان کی والدہ اب دنیا میں نہیں رہیں۔

مزید پڑھیں :مہنگائی مزید بڑھے گی، عالمی توانائی قیمتیں معاشی استحکام کیلئے بڑاخطرہ ہیں، وزارت خزانہ

اداکارہ نے مزید بتایا کہ والدہ کے انتقال کے بعد کا عرصہ ان کی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک تھا، جس کے بعد انہیں بال جھڑنے کی بیماری ایلوپیشیا اور ڈپریشن کا بھی سامنا کرنا پڑا۔