عمران خان کی بہنوں پر کتنے مقدمات درج ہیں؟ پولیس رپورٹ سامنے آ گئی

Calender Icon پیر 7 ستمبر 2026

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا ہے کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں 3 مقدمات درج ہیں جبکہ دونوں کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں ایک انکوائری بھی زیر التوا ہے۔

جسٹس شاہ رخ ارجمند نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

دونوں بہنوں کی جانب سے وکیل خالد یوسف جبکہ سرکار کی جانب سے عثمان گھمن عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی اسلام آباد پولیس کی رپورٹ، جس کی کاپی ہم نیوز کے پاس موجود ہے، کے مطابق دونوں بہنوں کے خلاف 4 اکتوبر 2024 کو 3 مقدمات درج کیے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق پہلا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 909 تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا، جس میں تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 شامل ہے۔

دوسرا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 904 بھی تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا، جس میں تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات، انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اور پبلک پروکیورمنٹ آرڈیننس 2024 کی دفعہ 8 شامل ہے۔

تیسرا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 115 تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 353، 186، 188 اور 114 شامل ہیں۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت تک دستیاب معلومات کے مطابق علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف اسلام آباد میں یہی 3 مقدمات درج ہیں جبکہ ایف آئی اے میں ایک انکوائری زیر التوا ہے۔

مزید پڑھیں:صومالیہ میں مغوی پاکستانیوں کے اہلخانہ پر پولیس کریک ڈائون، درجنوں گرفتار

یہ درخواست شاہریز خان نے اکتوبر 2024 میں اپنی والدہ علیمہ خان اور خالہ عظمیٰ خان کی گرفتاری کے دوران دائر کی تھی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ دونوں کے خلاف پنجاب کے مختلف تھانوں میں ممکنہ طور پر مزید مقدمات درج ہو سکتے ہیں، جن کی تفصیلات انہیں فراہم نہیں کی گئیں۔رپورٹ عدالت میں جمع کرائے جانے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست نمٹا دی۔