جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ

Calender Icon جمعرات 23 اکتوبر 2025

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے بتایا کہ انڈین حکام کو اس فیصلے سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

رانا مجاہد نے کہا کہ موجودہ حالات میں کھلاڑیوں کو سکیورٹی رسک میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر نیوٹرل وینیو پر میچز کی پیشکش کی گئی تو فیصلے پر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

سیکریٹری پی ایچ ایف نے انڈین حکام کے متعصبانہ رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انڈین حکومت کھیلوں میں بھی نفرتوں کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں پاکستانی کھلاڑی بھارت میں محفوظ نہیں رہ سکتے۔

رانا مجاہد نے زور دیا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اور فیڈریشن اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، لیکن کھلاڑیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا سب سے اہم ہے۔