حکومت اور احتجاج کرنیوالے انا اور ضد چھوڑ کر بات چیت کریں: سعد رفیق

Calender Icon اتوار 27 ستمبر 2026

رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق (Khawaja Saad Rafique)نے کہا ہے کہ حکومت اور احتجاج کرنے والے ایک دوسرے سے بات چیت کریں اور گفت و شنید جاری رکھیں، مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حکومتیں اور احتجاج کرنے والے اناؤں، ضدوں اور دھڑے بندیوں سے اوپر اٹھیں۔ آپ میں سے کوئی فاتح نہیں ہوگا کیونکہ سب ہار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہل ہمیشہ ریاست کرتی ہے، پہل کی جائے اور جانی و مالی نقصانات سے بچا جائے۔ ایک دوسرے کی عزت نفس کو تار تار کرنا کم ظرفی ہے، کوئی فخریہ کام نہیں، مہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی اور دہشت گردی کی آگ میں جھلسا ہوا پاکستان کراہ رہا ہے، پکار رہا ہے، اس کی پکار سنی جائے۔

رہنما مسلم لیگ ن کے مطابق عام آدمی پس چکا ہے، اسے مباحثوں، ملاکھڑوں، الزامات، دھینگا مشتی اور خدمات کا ڈھنڈورا پیٹنے سے کوئی دلچسپی نہیں، جینا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔

مزیدپڑھیں:پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بروقت علاج نہ کیا جائے تو رستے ہوئے زخم ناسور بن جاتے ہیں، پھر ساری قوم دہائیوں تک اس کی قیمت ادا کرتی رہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ لکھی جا رہی ہے، اسے قید کیا جا سکتا ہے نہ روکا جا سکتا ہے۔ لاعلاج زخم چھوڑ کر جانے والے ہمیشہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہتے ہیں۔