مدینہ منورہ پر حوثیوں کے حملے کی خبر سے دل رنجیدہ اور زخمی ہے، مولانا فضل الرحمان

Calender Icon جمعہ 2 اکتوبر 2026

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان(Fazlur rehman) نے مدینہ منورہ پر حوثیوں کے حملے کی اطلاعات پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرورِ کائنات حضرت محمد ﷺ کے شہر پر حملے کی جسارت سفاکیت کی انتہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مدینہ منورہ پر حملہ کسی ایک شہر پر حملہ نہیں بلکہ عالمِ اسلام کے دلوں اور مسلمانوں کے عقیدے پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں اور امتِ مسلمہ کو تمام مصلحتیں بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہو کر حملہ آوروں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے مملکتِ سعودی عرب کے عوام، خادم الحرمین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ یہ حملہ صرف آپ کے شہر اور ملک پر نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ پر حملہ ہے۔

مزیدپڑھیں:سونے کی قیمتوں میں کمی، مسلسل دوسری ہفتہ وار گراوٹ کا خدشہ

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کے مقدس شہر کی حرمت اور تحفظ کے لیے اپنی جان، مال اور اولاد کی قربانی کو باعثِ فخر سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمان حکمران اگر حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مضبوط اور مؤثر اتحاد قائم نہیں کریں گے تو پھر کب کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اسلامی بلاک کے قیام کی ضرورت پہلے سے بڑھ کر محسوس ہو رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کا تحفظ جمعیت علماء اسلام کے بنیادی اغراض و مقاصد کا حصہ ہے۔