دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی نے کھیلوں اور صحت مند طرز زندگی کے فروغ میں ایک اور تاریخ رقم کردی۔
دبئی کی مرکزی شاہراہ شیخ زاید روڈ پر دبئی رن 2026 میں 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کرکے ایونٹ کو تاریخی عوامی اجتماع میں تبدیل کردیا۔
اتوار 22 نومبر کو دبئی فٹنس چیلنج کے تحت منعقد ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے مفت اجتماعی رننگ ایونٹ میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں، غیر ملکی رہائشیوں، خاندانوں، بچوں، نوجوانوں اور پیشہ ور کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا۔
دبئی کی بلند و بالا عمارتوں کے درمیان ہزاروں افراد کے بیک وقت دوڑنے کے مناظر نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ کو ایک وسیع رننگ ٹریک میں تبدیل کردیا۔
امارات نیوز ایجنسی وام کی سرکاری رپورٹ کے مطابق دبئی رن کے آٹھویں ایڈیشن میں شرکا کے لیے 5 اور 10 کلومیٹر کے دو روٹس مختص کیے گئے تھے۔
پانچ کلومیٹر کا فیملی روٹ شیخ زاید روڈ سے شروع ہوکر ڈاؤن ٹاؤن دبئی کے مشہور مقامات سے گزرتا ہوا شیخ محمد بن راشد بولیوارڈ پر اختتام پذیر ہوا، جبکہ 10 کلومیٹر کا روٹ تجربہ کار رنرز کے لیے ترتیب دیا گیا، جس میں میوزیم آف دی فیوچر، دبئی واٹر کینال اور برج خلیفہ جیسے معروف مقامات شامل تھے۔
دبئی اسپورٹس کونسل کے سیکریٹری جنرل سعید حارب نے ریکارڈ شرکت کو صحت مند اور متحرک معاشرے کی جانب اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیخ زاید روڈ اور ڈاؤن ٹاؤن دبئی میں اتنی بڑی تعداد میں افراد کی موجودگی کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کو ہر عمر اور ہر صلاحیت کے افراد کے لیے قابل رسائی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی رن کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ پہلی مرتبہ دوڑنے والے افراد سے لے کر تجربہ کار کھلاڑیوں تک سب ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوتے ہیں، جس سے معاشرتی روابط مضبوط ہوتے ہیں اور صحت مند زندگی کا پیغام عام ہوتا ہے۔
دبئی رن 2026 کا انعقاد دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت اور دبئی اسپورٹس کونسل کے اشتراک سے کیا گیا۔ دبئی فٹنس چیلنج کے دسویں ایڈیشن کے تحت منعقد ہونے والے اس ایونٹ نے ایک بار پھر دبئی کو بڑے عوامی کھیلوں کے اجتماعات کے عالمی مراکز میں نمایاں کردیا ہے۔
واضح رہے کہ دبئی فٹنس چیلنج کے تحت شہر بھر میں 30 روز تک مختلف سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ 29 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر میں دبئی یوگا کے بڑے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:تاریخ رقم، پاکستانی خلا نورد چینی خلائی اسٹیشن کا پہلا غیر ملکی مہمان ہوگا
اس چیلنج کا بنیادی مقصد شہریوں اور سیاحوں کو مسلسل 30 دن تک روزانہ کم از کم 30 منٹ ورزش کی ترغیب دینا ہے تاکہ صحت مند، فعال اور متحد معاشرے کو فروغ دیا جاسکے۔













اتوار 22 نومبر 2026 
