ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے انکار کےبعد نئی ٹیم شامل

Calender Icon ہفتہ 10 اکتوبر 2026

معروف خلیجی اخبار کی تفصیلی رپورٹس کے مطابق پاکستان کے بھارت میں منعقد ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026ء سے دستبردار ہونے کے بعد ایشین ہاکی فیڈریشن نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو ایونٹ میں شامل کر لیا ہے، جس کے بعد روایتی حریفوں کا مقابلہ اب نئے روپ میں سامنے آئے گا.

رپورٹس کے مطابق یہ باوقار چھ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ رواں سال 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارتی پنجاب کے شہروں جالندھر اور موہالی میں کھیلا جائے گا. پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے حالیہ دوطرفہ کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارتی سرزمین پر سفر کرنے سے معذرت کرتے ہوئے ایشین ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی تھی کہ پاکستان کے تمام میچز کسی نیوٹرل وینیو (غیر جانبدار مقام) پر منتقل کیے جائیں، تاہم ہاکی انڈیا اور ایونٹ کے منتظمین کی جانب سے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول اور مقام میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ پاکستان کی جانب سے حکومت کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے اور سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کرنے کے بعد، منتظمین نے متبادل کے طور پر بنگلہ دیش کی ہاکی ٹیم کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجا جسے بنگلہ دیشی حکام نے قبول کر لیا ہے۔

اس تبدیلی کے بعد اب ٹورنامنٹ کے ابتدائی روز 27 اکتوبر کو افتتاحی تقریب کے فوراً بعد دفاعی چیمپئن بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش کی ٹیم کے ساتھ ہوگا۔ جالندھر کے اولمپین سرجیت سنگھ ہاکی اسٹیڈیم میں افتتاحی تقریب اور 2 نومبر تک کے تمام لیگ میچز کھیلے جائیں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روایتی پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلے کے منسوخ ہونے سے ٹورنامنٹ کا ماحول تو ضرور بدلا ہے، تاہم بنگلہ دیش کی شمولیت سے ایشیائی ہاکی کا یہ مقابلہ مزید دلچسپ اور مسابقتی ہو جائے گا، جبکہ دفاعی چیمپئن بھارت اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گا۔