راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردن کے سرکاری دورے کے دوران اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے اہم ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات میں اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ بھی شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور اردن کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کی۔ آرمی چیف نے پاکستانی عوام، حکومت، اور مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شاہ عبداللہ دوم نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس سے قبل، آرمی چیف نے اردن کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی سے بھی ملاقات کی۔ جنرل ہیڈکوارٹرز آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور اردن کی مسلح افواج کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔ میجر جنرل یوسف الحنیطی نے علاقائی امن و سلامتی میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔
دونوں ممالک نے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دورہ پاک-اردن تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور دفاعی شراکت داری کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کو اجاگر کرتا ہے۔












پیر 27 اکتوبر 2025 