رواں سال اب تک 15 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرون ملک منتقل

Calender Icon جمعہ 16 اکتوبر 2026

اسلام آباد: پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک 15 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بہتر روزگار کے لیے بیرونِ ملک روانہ ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایوان میں پیش کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ملک سے برین ڈرین کا سلسلہ جاری ہے؛ سال 2024 میں 45,830 اور سال 2025 میں 28,726 اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد نے ملک چھوڑا تھا، جبکہ سال 2026 میں اب تک یہ تعداد 15,850 تک پہنچ گئی ہے۔ بیرونِ ملک جانے والے ان ماہرین میں ڈاکٹرز، انجینئرز، آئی ٹی پروفیشنلز، اکاؤنٹنٹس اور ماہرینِ تعلیم شامل ہیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق صرف سال 2026 کے دوران اب تک 5,190 منیجرز، 3,605 انجینئرز، 1,771 اکاؤنٹنتس، 2,093 ڈاکٹرز اور 1,457 اساتذہ روزگار کی غرض سے بیرونِ ملک منتقل ہوئے ہیں۔ اس سے قبل سال 2024 اور 2025 میں بھی ہزاروں کی تعداد میں پروفیشنلز روزگار کے لیے مختلف ممالک کا رخ کر چکے ہیں۔